• news

پاکستان ہاکی سمیت حساب‘ احتساب سب کا ہونا چاہئے: حسن سردار

لاہور(نمائندہ سپورٹس )ہاکی اولمپئن حسن سردارکا کہنا ہے کہ قومی کھیل ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے لہذا حکومت کو اس کی زبوں حالی پر توجہ دینی چاہیے۔ حسن سردار نے فیڈریشن حکام کے احتساب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حساب اور احتساب ہر جگہ اور سب کا ہونا چاہیے۔ سب کو جوابدہ ہونا چاہیے، اب تک ہاکی میں کام کرنے والے سب عہدیداروں کا احتساب ہوناچاہیے لیکن اس کے ساتھ کھیل کی پرموشن کا بھی سوچنا چاہیے۔ ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ سب اولمپئنز کو بھی اس بارے میں اپنا کردار ادار کرنے کی ضرورت ہے، لاہور میں ڈار اور رانا ظہیر اکیڈمی کی طرح ہر شہر میں اکیڈمیز پر توجہ دینی چاہیے، اس کے ساتھ سب سے ضروری تعلیمی اداروں میں ہاکی بحال کرنے کا کام ہے۔ ہم سب سکول ہاکی سے قومی ٹیم تک پہنچے،اب سکول ہاکی ختم ہوکررہ گئی ہے، جب تک اپنے نظام کوٹھیک نہیں کریں گے، معاملات میں بہتری لانا مشکل ہوگا۔اولمپئن اور کوچ توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے وائرس نے پہلے ہی قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق کردیاہے،اوپر سے حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی۔کرکٹ کی طرح اگر ہاکی فیڈریشن کے حکام پسند نہیں تو انہیں تبدیل کردیں، بصورت دیگر پیسے دیں۔ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں، فرانزک آڈٹ رپورٹ بھی سامنے آجائے گی،اس میں بھی اگر کچھ نہیں نکلتا تو پھر حکومت کو چاہیے کہ وہ فنڈز بحال کرے، ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے، اس میں تین اولمپکس گولڈ کے ساتھ چار ورلڈکپ ہم جیت چکے ہیں،کرکٹ کی طرح دس بارہ ملکوں میں کھیلاجانے والا کھیل نہیں، بلکہ یہ اولمپکس سپورٹس ہے جو ایک سو چھتیس سے زیادہ ممالک میں مقبول ہے۔موجودہ صورت حال میں اگر بہتری نہ لائی گئی تو اس کھیل میں اتنا نیچے چلے جائیں گے کہ دوبارہ کبھی کھڑے نہیں ہوسکیں گے۔کرکٹ کا وائر س پہلے ہی قومی کھیل کو بہت نقصان پہنچاچکا ہے۔اب چند لوگ ہی رہ گئے ہیں جو ہاکی کو بچانے کے لیے جہاد کررہے ہیں توخدارااس جانب توجہ دیں۔

ای پیپر-دی نیشن