سیاہ فام بچیوں کے ساتھ امتیاز برتنے پر مشہور شخصیت کے خلاف کارروائی
ریاض(این این آئی )سوشل میڈیا ایپ اسنیپ چیٹ کی ایک مشہور شخصیت کو سعودی عرب میں سرکاری سطح پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران دو سیاہ فام بچیوں کو نظر انداز کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹویٹر پر سعودی صارفین نے اسنیپ چیٹ کی مشہور شخصیت کی طرف سے سیاہ فام بچیوں کو نظر انداز کرنے کو نسلی امتیاز قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ دوسری طرف اس موضوع کے ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے کے بعد سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے مشہور شخصیت کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ یہ واقعہ وزارت داخلہ کی طرف سے محاذ پر مارے جانے والے سعودی فوجیوں کے بچوں کی پذیرائی کے لیے منعقدہ اس تقریب میں پیش آیا جس میں اسنیپ چیٹ کی شخصیت کو بطور مہمان مدعو کیا گیا تھا۔اس شخصیت نے وزیر داخلہ سے ملنے کے لیے لائن میں کھڑی بچیوں سے انکے تاثرات جاننا شروع کر دئیے لیکن قطار کے آغاز میں کھڑی دو سیاہ فام بچیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر کے تیسری بچی کے پاس پہنچ گئے۔