• news

اپوزیشن لیڈر لاپتہ، حزب اختلاف والے اشتہار دیں، سندھ میں کرپشن کرنیوالے عمران پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں: فردوس عاشق

سیالکوٹ ‘ وزیر آباد ‘لالہ موسیٰ+ سمبڑیال (نامہ نگار ‘ نمائندہ نوائے وقت)مشیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا لیڈر فرار ہے، ابھی وہ کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں، زبان پھسلنا گرائمر کی غلطی یا نیت کی خرابی نہیں بلکہ سیاستدانوں کا موڈ خراب لگتا ہے۔ مشیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لالہ موسیٰ میں مہر محمد ارشد فرانس برادران کی طرف سے استقبال کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کی تبدیلی بیرونی اشاروں پر نہیں کی گئی نہ ہی ملک میں اتنا بیرونی سرمایہ ہے جو بیرونی ادارے محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان جس بحران کا شکار ہے اس میں میڈیا کا ذمہ داری کا مظاہرہ اہم ہے۔ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے بے سروپا باتیں معاشی ڈھانچے کو خراب کرنے کے مترادف ہے۔ مشیراطلاعات کا کھاریاں میں پارلیمانی سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس تاشفین صفدر مرالہ کے دفتر اور لالہ موسیٰ میں ریلوے چوک میں پاکستان عوامی تحریک فرانس کے صدر مہر محمد ارشد برادران نے استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ فردوس عاشق نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے لیڈر ہیں جو قومی اور عوامی مفادات کی بات کر رہے ہیں‘ چائنہ کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ اس کی واضح مثال ہے‘ کپتان فیصلے کرتا ہے کہ کسی کو کس پوزیشن پر کھیلنا ہے۔ آنے والے وقت میں عمران خان کی ٹیم ہر پوزیشن پر کھیلے گی‘ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ان کا جائز حق ملے گا۔گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم بائیس کروڑ پاکستانیوں کا مقدمہ لڑنے کیلئے چائنہ میں مصروف عمل ہیں۔ دریں اثناء سمبڑیال میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پاکستان سے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کیے ہوئے ہے، ہم اپوزیشن لیڈر کا اخبار میں اشتہار دیں یا کوئی اور اقدام کریں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کو لٹیروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مینڈیٹ دیا، وہ ملک کو ان لٹیروں سے نجات کیلئے عوام سے رشتہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے عوام عمران خان کی آواز بنیں۔ اپوزیشن سیاسی اکھاڑے کے ذریعے اپنی سیاست زندہ رکھنے میں مصروف ہے۔ اپوزیشن پہلے اپنا اپوزیشن لیڈر سامنے لائے جو خود ساختہ جلا وطنی اختیار کیے ہوئے ہے۔ ایک بھائی پاکستان سے بھاگ گیا جبکہ دوسرا پر تول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف ٹی وی چینلز تک محدود ہو گئی ہے‘ اپوزیشن پہلے وہ لیڈر سامنے لائے جو خود ساختہ مفرور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ناجائز دولت کے بارے میں پوچھیں تو یہ اپوزیشن پر ناگوار گزرتا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا آپ سندھ کو ٹھیک کریں، مثالی حکمرانی قائم کریں، ہمیں بتائیں ہم آپ کے اچھے منصوبوں کی تقلید کریں۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پورے پاکستان کے انفراسٹرکچر کا بیڑا غرق کیا ہوا ہے، اداروں کو تباہ کیا گیا اور آج آپ عمران خان کو ڈکٹیشن دے رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ آہ و بکا، واویلا، یہ چیخ و پکار، اونچی آواز میں گفتگو ، آستینیں چڑھا کر عمران خان کو للکارنے سے آپ کی چوریاں نہیں چھپ سکیں گی، آپ کو اپنی چوریوں کا حساب دینا پڑے گا اور عوام یہ حساب لے کر رہیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے میں ہر جگہ عوام کا مقدمہ لڑوں گی، انہوں نے کہا کہ آنے والے چند دنوں میں پاکستان تحریک انصاف اس حلقے کے لیے جلد انقلابی پروگرام لائے گی۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سونے کا تاج پہننے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا ہے کہ یہ تاج شوکت خانم کو عطیہ کیا جائے گا۔ اتوار کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق نے کہا کہ یہ تاج وزیراعظم عمران خان کے حوالے کیا جائیگا جب وہ رمضان میں شوکت خانم کیلئے فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں سیالکوٹ آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن