• news

قومی اسمبلی‘سینٹ‘ پنجاب اسمبلی کے اجلاس آج ہوںگے

لاہور+اسلام آباد( این این آئی)پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد آج ( پیر ) سہ پہر تین بجے شروع ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن اجلاس سے قبل تین اراکین کی معطلی کے معاملے پر اپنی حکمت عملی مرتب کرے گی اور اپوزیشن کے ایوان میں جانے کی صورت میں اجلاس ہنگامہ خیز رہنے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی نظام کے مسودے کی منظوری کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے اور حکومت رواں ہفتے میں ہر صورت بل کی ایوان سے منظوری لے لی گی۔جبکہ قومی اسمبلی اور سینٹ کے ہنگامہ خیز اجلاس 2روزہ وقفے کے بعد آج پیر کو دوبارہ ہوں گے۔ دونوں اجلاسوں میں اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے بیان پر احتجاج متوقع ہے جبکہ سینٹ میں قانون سازی کیلئے مختلف بل پیش کئے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کیخلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔ سینٹ میں ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال اور اس میں بہتری کیلئے اقدامات کرنے سے متعلق تحریک پر بحث ہو گی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے 10نکاتی اور سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے 47نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن