• news

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کا چوتھا مرحلہ، پولنگ آج ہوگی

نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت میں ہونے والے لوک سبھا انتخاب کے چوتھے مرحلے کی پولنگ (آج) پیر کو ہوگی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 71 نشستوں پر رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن 71 نشستوں پر پولنگ ہوگی ان میں سے 45 نشستیں اس وقت بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس ہیں جس کی وجہ سے بھارت کے سیاسی مبصرین توقع کررہے ہیں کہ مقابلہ سخت ہوگا۔چوتھے مرحلے کے انتخاب میں کنہیا کمار، ڈمپل یادو، گری راج سنگھ، ارملا ماتونڈکر، اوپیندر کشواہا، سلمان خورشید، شری پرکاش جیسوال، ساکشی مہاراج اور رام شنکر کٹھیریا جیسے مضبوط و معروف امیدواران میدان میں ہیں۔بیگوسرائے، قنوج، اناو، بول پور، اجیار پور، جودھپور اور شمالی مہاراشٹر جیسے علاقوں کی نشستوں پر پولنگ اسی مرحلے میں ہوگی۔ پولنگ اتر پردیش کی 13 نشستوں پر ہوگی جن میں شاہجہاں پور، کھیری، ہردوئی، مشرخ، اناو، فرخ آباد، ایٹاوا، قنوج، کانپور، اکبر پور، جالون، جھانسی اور حمیر پورشامل ہیں۔بہار کی پانچ نشستوں پرمیدان لگے گا جن میں دربھنگہ، اجیار پور، سمستی پور، بیگوسرائے اور مونگیر شامل ہیں۔جھاڑکھنڈ کی تین نشستوں پر امیدواران مدمقابل ہوں گے جن میں چترا، لوہردگا اور پلاموں شامل ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی ایک نشست پر امیدواران مدمقابل ہوں گے جو اننت ناگ کی ہے۔ یہاں صرف پولنگ کلگام ضلع میں ہوگی۔مہاراشٹر کی 17 نشستوں پر انتخابی میدان لگے گا جس میں نندوربار، دھولے، ڈنڈوری، ناسک، پال گھر، بھیونڈی، کلیان، ٹھانے، ممبئی، ممبئی شمال مغرب، ممبئی شمال مشرق، ممبئی شمال وسط، ممبئی جنوب وسط، ممبئی جنوب، ماول، شیروراور شیرڈی شامل ہیں۔ مغربی بنگال کی آٹھ نشستوں پر مقابلہ ہوگا جس میں بہرام پور، کرشنا نگر، رانا گھاٹ، وردھمان مشرق، وردھمان درگا پور، آسنسول، بول پور اور بیربھوم شامل ہیں۔اڈیشہ کے چھ حلقوں میں امیدواران مدمقابل ہوں گے ۔مدھیہ پردیش کی6 نشستوں پر انتخابی امیدواران اپنی قسمت آزمائی کریں گے۔راجستھان کی 13 نشستوں پر انتخابی امیدواران مدمقابل ہوں گے جن میں ٹونک سوائی مادھو پور، اجمیر، پالی، جودھپور، باڑمیر، جالور، اودے پور، بانسوارا، چتوڑگڑھ، راج سمند، بھیلواڑا، کوٹہ اور جھالواربارن شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن