سیالکوٹ نے جسے مسترد کر دیا عمران نے اسے عوام پر مسلط کر دیا: رانا ثنائ‘ عوام کے سڑکوں پر نکلنے سے پہلے ناکامی تسلیم کر لیں: احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ نے جس کو مسترد کیا عمران نے اسی کو سیالکوٹ کی عوام پر مسلط کر دیا ہے، یہ ہے تبدیلی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ افسوس ہے کہ 23سال ساتھ دینے والے آج نیازی کے ساتھ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام جدھر دیکھتے ہیں انہیں دس فیصد مہنگائی اور بیروزگاری کا سونامی دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام جدھر دیکھتے ہیں انہیں پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں نظرآرہی ہیں؟۔ عوام جدھر دیکھتے ہیں انہیں پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے دکھائی دیتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عوام جدھر دیکھتے ہیں انہیں دس ارب درخت دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ میں 23 سال کی ناکامیوں کو جھوٹ بول کر چھپانے کی کوشش ہوگی۔ دریں اثنا نارووال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ آپ کے نئے پاکستان کے ڈرامے کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ عوام کے سڑکوں کو نکلنے اور محابسہ کرنے سے قبل حکومت نااہلی تسلیم کر لے۔ اگلے سال آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہیں۔ پاکستان صدارتی نظام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ حکومت نہ این آر او دے سکتی ہے نہ کوئی لے رہا ہے۔ کابینہ میں پی ٹی آئی کا صفایا ہو چکا ہے۔