کراچی والوں نے ایم کیو ایم کو مسترد کر دیا‘ جلسہ فلاپ تھا: نہال ہاشمی‘ فاروق ستار
کراچی(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں نے ایم کیو ایم پاکستان کو مسترد کردیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2کروڑ کی آبادی میں 2ہزار لوگوں کا جلسہ کرنے والے ن لیگ پر تنقید کررہے ہیں، ن لیگ کے دورِ حکومت میں کراچی میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔ ن لیگ نے کراچی کو گرین بس، موٹر وے، لیپ ٹاپ اور کے فور منصوبہ دیا، ایم کیو ایم نے 20سال میں کوئی ایک بھی کام کیا ہو تو بتائیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کا سودا کیا، اپنے دور حکومت میں کراچی میں تعلیم کا خاتمہ کیا جس کیوجہ سے روشنیوں کا شہر کچرے کا ڈھیر ہے۔دوسری جانب ایم کیوایم پی آئی بی کے رہنما فاروق ستار نے متحدہ پاکستان کے جلسے کو فلاپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلسہ نہیں جلسی تھی۔گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بند مٹھی میں طاقت تھی کل ایکسپوز کر دیا،عوام نے شرکت نا کر کے اس رابطہ کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔