قومی ویمنز کرکٹ ٹیم آج جنوبی افریقہ کے دورے پر روانہ ہو گی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم آج جنوبی افریقہ کے دورے پر روانہ ہو گی۔ گرین شرٹس میزبان کیخلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کے بعد 5 میچز پرمشتمل ٹوئنٹی 20 سیریزمیں بھی شرکت کرے گی، پی سی بی کے مطابق دورے کا مقصد اگلے برس 21 فروری سے 8 مارچ تک شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کی تیاری ہے، سیریزکیلیے نیشنل سٹیڈیم میں9اپریل سے جاری تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ دورے میں بسمہٰ معروف 15 رکنی ٹیم کی قیادت کریں گی،ون ڈے سکواڈ میں ناہیدہ خان، جویریہ رؤف، سدرا امین، جویریہ روف، اومائمہ سہیل، ندا ڈار، عالیہ ریاض، کائنات امتیاز، سدرا نواز، ثنامیر، نشرح سندھو، فاطمہ ثنا، ایمن انور اور رامین شمیم شامل ہیں۔ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیے ٹیم میں محض ایک تبدیلی کی گئی، ناہیدہ خان کی جگہ ارم جاوید سنبھالیں گی، ڈائنا بیگ کے ان فٹ ہونے پر ریزرو کھلاڑی فاطمہ ثنا اسکواڈ کا حصہ بنی ہیں، دیگر تین ریزرو پلیئرزمیں منیبہ علی، صبا نذیراورفریحہ محمود شامل ہیں۔انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جمال ٹرینر، رفعت گل فزیو، زبیرویڈیوانالسٹ اورعائشہ جلیل منیجر کی ذمہ داری نبھائیں گے۔