• news

نائومی اوسا کا ان فٹ ، سٹٹ گارٹ اوپن سیمی فائنل سے دستبردار

لاہور(سپورٹس ڈیسک)جاپانی کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک نائومی اوساکا فٹنس مسائل کے باعث اسٹٹ گارٹ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگل سیمی فائنل سے دستبردار ہو گئیں۔وہ پیٹ کی انجری میں مبتلا ہیں، لاسٹ فور میں اوساکا کا مقابلہ کونتا ویت سے تھا تاہم جاپانی کھلاڑی کے دستبردار ہونے کی وجہ سے کونتا ویت نے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اوساکا نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈونا ویکچ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کے دوران مجھے پیٹ میں درد محسوس ہوا جو کہ اب مزید بڑھ گیا ہے اسلئے میں نے سیمی فائنل میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ۔جرمنی میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں جمہوریہ چیک کی سٹار کھلاڑی کویٹووا نے ہالینڈ کی کیکی برٹنز کو زبردست مقابلے کے بعد 7-6، 3-6 اور 6-1 سے ہرا کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، دوسرے سیمی فائنل میں کونتا ویت کا مقابلہ اوساکا سے تھا لیکن اوساکا انجری مسائل کے باعث میچ سے دستبردار ہو گئیں اور کونتا ویت فاتح قرار پائیں۔ ڈومنک تھیم اور ڈینل مدودوف فتوحات برقرار رکھتے ہوئے بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے، رافیل نڈال شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے سیمی فائنلز میں آسٹرین کھلاڑی ڈومنک تھیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹار ہسپانوی کھلاڑی اور عالمی نمبر دو نڈال کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، دوسرے سیمی فائنل میں روسی کھلاڑی ڈینل مدودوف نے جاپانی کھلاڑی کائی نیشکوری کو سخت مقابلے کے بعد 6-4، 3-6 اور 7-5 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

ای پیپر-دی نیشن