پی ایم ڈی سی میں نئے رجسٹرار اور ڈائریکٹر فنانس کی بھرتی کا فیصلہ
اسلام آباد(قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ)پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل میں نئے رجسٹرار اور ڈائریکٹر فنانس بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل سابق چیئرمین میاں شاکر اللہ جان نے رجسٹرارڈاکٹر وسیم ہاشمی کو کنٹریکٹ ختم ہونے پر فارغ کر دیا تھا جبکہ دوسری جانب اکائونٹ آفیسر اور سابق رجسٹرار کی موجودگی میں ادارے سے باہر سے رجسٹرار اور اکائونٹ آفیسر لانے کیلئے پی ایم ڈی سی نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے نئے سرے سے اہل امیدواروں سے درخواستیں مانگی گئیں ہیں ۔ چند روز قبل لیگل کمیٹی پی ایم ڈی سی نے سابق رجسٹرار اور اکائونٹ آفیسر کے ساتھ سات افسران اور چھوٹے ملازمین کو معطل کر دیا تھا ۔ پی ایم ڈی سی میں رجسٹرارکا عہدہ اہم ہے جو روزمرہ کے تمام امور کے ساتھ ساتھ کونسل کے صدر اور دیگر ممبران کی رہنمائی کیلئے تعینات کیا جاتا ہے پچھلے سات سالوں سے پی ایم ڈی سی میں کوئی مستقل بنیادوں پر رجسٹرار تعینات نہیں کیا گیا ہے جو بھی رجسٹرار لگایا جاتا ہے تو نئی آنے والی کونسل اسے ناصرف ہٹا دیتی بلکہ اس کے خلاف مقدمات بھی قائم کرادیتی ہے اس وقت بھی پی ایم ڈی سی میں تین افسران ایسے موجود ہیں جو رجسٹرار کے عہدے پر تعینات رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نئی کونسل جس کا ابھی تک آرڈیننس قومی اسمبلی میں بھی پیش نہیں کیا جا سکا ہے اس نے بڑے بڑ ے فیصلے کرنا شروع کر دیئے گئے ہیں۔ پی ایم ڈی سی کا بنیادی ڈھانچہ بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اب رجسٹرارکیلئے درخواستیں مانگی گئی ہے اور اس کیلئے ایم بی بی ایس کے ساتھ ساتھ بیس سال کا انتظامی تجربہ بھی مانگا گیا ہے اسکے علاوہ نئی کونسل نے ایک نیا شعبہ قائم کر دیا ہے انٹرنل آڈٹ نام رکھا گیا ہے اس میں کام کرنے والے دونوں افسران کو معطل کر دیا گیا ہے ۔