وکلاء جمہوریت ‘ قانون کی بالادستی کیلئے سیاسی پارٹیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں: بلاول
لاہور (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر کارکن حفیظ الرحمان جولاہور میں انتقال کر گئے تھے۔ انہیں گزشتہ روز میاں درس قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ حفیظ الرحمان کے انتقال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پنجاب کی صدر قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حفیظ الرحمان کے انتقال سے پارٹی اپنے ایک سچے جیالے سے محروم ہو گئی ہے۔ مرحوم پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، ان کی وفات کی خبر قیادت و کارکنان کے لیئے باعثِ صدمہ ہے۔ وہ ان جیالوں میں سے تھے، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی بھٹو ازم کا پرچم تھام کے رکھا۔ بلاول بھٹو زرداری کا مرحوم حفیظ الرحمان کے لواحقین سے بھی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد نے بھی حفیظ الرحمن کے انتقال پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں سیاسی پارٹیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اتوار کو بلاول بھٹو زرداری نے پشاور ہائی کورٹ بار کے نئے صدر لطیف آفریدی اور جنرل سیکریٹری عابد علی کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ جمہوریت پسند، لبرل و عوام دوست اتحاد کی کامیابی سے ثابت ہوا، وکلاء جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں سیاسی پارٹیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم کو سبوتاژ کرنے والے اقدامات کے خلاف مزاحمت کرتی رہے گی۔ اٹھاریں ترمیم نے صوبوں کو بااختیار، خیبرپی کے کو شناخت اور جمہوریت کو مضبوط کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے، وکلاء برادری اپنے شاندار ماضی کی طرح ملکی دستور اور جمہوریت کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔