• news

آئینی مدت پوری کرینگے‘ 60ہزار کارکنوں کو مختلف محکموں میں لگائینگے: گورنر سرور

لاہور (نیو رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں پانچ سالوں کا مینڈ یٹ دیا ہے حکومت آئینی مدت پوری کریں گی۔کر پشن کے خلاف وزیر اعظم عمران خان نے جو موقف اختیار کیا ہے ہم آج بھی اس پر قائم ہے اور ملک میں کر پٹ عناصرکو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔آئندہ چند روز میں پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام منظو ر کر لیا جائیگا جس سے حقیقی معنوں میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو جائیں گے۔ تحریک انصاف کے ورکرز پارٹی کا اثاثہ ہیں انہیں عزت دینا ہم سب پر لازم ہے۔پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ’’آب پاک اتھارٹی‘‘ قائم ہو چکی ہے وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق پنجاب کے کونے کونے میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائیگا۔پارٹی ورکروں،کسانوں اور عوام کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔ہماری یونیورسٹیاں علم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی زور دیں تو ہماری اجناس کی پیداوار کئی گنابڑھ سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اورمعروف دینی درسگاہ جامع خیر المدارس ملتان میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،معاون خصوصی جاوید اختر انصاری،پارلیمانی سیکرٹریز محمد ندیم قریشی،میاں طارق عبداللہ،ایم پی اے واصف مظہر راں،سلیم لابر،ڈویڑنل صدر پی ٹی آئی اعجاز جنجوعہ،قربان فاطمہ،مرزاشاہ رخ بیگ،ذہین کنول،مجیب احمد خان،جواد امین،خالد وڑائچ،اظہر کملانہ،یوسف ڈمرہ،یاسر بلوچ،عمران سیال،اقبال عاربی،یاسمین خاکوانی،عامر چوہدری،عبدالستار،عصمت جبیں،محسن جنجوعہ،شفیق اعوان،ڈاکٹر شاہینہ،ریحانہ کوثر،شہناز جٹ،شاہدہ ظفر و دیگر بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہاپارٹی ورکرز کی مشکلات کا انہیں احساس ہے ہماری لیڈر شپ کو اقتدار ان کی کاوشوں اورپارٹی کی خدمات کی بدولت ملا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ کارکنوں سے رابطہ نہ رکھنے والی جماعتیں وجود قائم نہیں رکھ سکتیں۔ پی ٹی آئی کے 60ہزار کارکنوں کے مختلف محکموں میں تعینات کریں گے۔بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جامع خیر المدارس ملتان میں سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام دوسرے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کے بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے انہیں جلدچالو کریں گے۔گورنر نے ڈاکٹر اختر ملک ظہرانہ میں بھی شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک،سی پی او محمد عمران،ممبر قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر،زین قریشی،ممبر صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی،جاوید اختر انصاری،میاں طارق عبد اللہ،واصف مظہر راں،سلیم لابر و دیگر بھی موجود تھے ۔گورنر نے کہا وزیراعلیٰ کو ہٹانا وزیراعظم کے اختیارمیں ہے کسی کے کہنے سے تبدیل نہیں ہو گا‘ میرے آنے جانے کی باتیں منفی نہیں رکھتا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی سے ملاقاتیںبھی کیں۔پنجاب کی صورت حال سمیت ملکی سیاسی معاملات پر مشاورت کی۔گورنر پنجاب نے لاہور سے بائی روڈ سفر کیا اور ملتان تک اکاڑہ،ساہیوال پاکپتن،خانیوال کے اراکین اسمبلی سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ ملتان میں صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،چیف وہپ عامر ڈوگر،زین قریشی،جاوید اختر انصاری،ندیم قریشی،سلیم لابر،طارق عبداللہ،قاسم لنگاہ،ڈویژنل صدر اعجاز جنجوعہ،خالد وڑائچ،رانا عبدالجبار ودیگر اہم شخصیات سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ پنجاب کی سیاسی صورتحال،بلدیاتی الیکشن،پارٹی کے اندرونی معاملات ودیگر امور پر مشاورت کی گئی۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے سامنے تحریک انصاف کے ورکرز پھٹ پڑے۔بیورکریسی،وزیراعلی،وزرا اور اراکین اسمبلی کے ناروا رویے ،عدم رابطے اور کام نہ ہونے پر شکایات کے انبار لگا دیے۔گورنر نے ورکروں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کراے جائیں گے تاہم گورنر یہ بات بھی کہ گئے کہ اختیارات تو وزیر اعلیٰ کے پاس ہی ہوتے ہیں۔ کارکنان نے کہا کہ ہمیں بری طرح سے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔افسران ہمارے جائز کام نہیں کرتے۔وزیراعلی پنجاب ملتان آتے ھیں تو ورکروں کو مدعو نہیں کیا جاتا۔وزیراعلیٰ نے پانچ بار ملتان کا دورہ کیا قربانیاں دینے والے ورکروں کو نہیں بلایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن