• news

سینٹ قائمہ کمیٹی نے رمضان میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا پلان مانگ لیا

اسلام آباد(صباح نیوز) سینٹ کی قائمہ کمیٹی توانائی نے حکومت سے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا پلان طلب کرلیا، فیڈرز کی نجکاری کے حوالے سے بھی سفارشات مانگ لی گئیں، آئی پی پیز کو بجلی کی پیداوار پر ڈالروں میں ادائیگی کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے اسی طرح ناجائز جرمانوں کے ذریعے بھاری بلنگ کے مسئلے کے حل پر بھی پلان مانگ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سینٹ کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس کا اہم ایجنڈا جاری کیا گیا ہے، اجلاس 3مئی کو پارلیمنٹ ہائوس میںہوگا، حکومت سے بجلی کی فراہمی بالخصوص صارفین کو رمضان المبارک کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا پلان مانگ لیا گیا ہے، ملک بھر میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مجوزہ انتظامات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سائبر سیکورٹی پر سفارشات مرتب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ آج (پیرکو) اہم بند کمرے کے اجلاس میں سا ئبر سیکوٹری پر متعلقہ اداروں کی استعداد کار پر بریفنگ طلب کرلی گئی ۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ وزارت آئی ٹی کے پی ایس ڈی پی 2019-20 پر بریفنگ بھی لی جائے گی ۔ سنٹر آف انسداد سائبر کرائم کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن