• news

بھٹو کی جماعت کرپشن کے ہاتھوں شہید‘ لیڈروں نے کاروباری نظریہ اپنا لیا: فردوس عاشق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہید بھٹو کی نظریاتی جماعت کرپشن کے ہاتھوں شہید ہو چکی ہے۔ آپ کی جماعت‘ رہنمائوں نے ذاتی مفادات کاروبار کے نظریے کو گلے لگایا۔ کرپشن مقدمات کی سماعت ہوتی ہے تو دونوں جماعتوں کو آئین‘ جمہوریت اور عوام کی یاد آتی ہے۔ کرپشن کی زد میں آئی دونوں جماعتوں کی زبان ‘ بیان‘ اقدام ایک ہو چکا ہے‘ بہتر ہوتا (ن) لیگ‘ لاپتہ اپوزیشن لیڈر سے ٹی ٹیز، پاپڑ، ریڑھی والے کے اکائونٹس سے متعلق پوچھتے؟ میاں صاحبان کو آج بھی اپنی ہی صحت کی فکر ہے، کاش میاں صاحب نے قوم کی صحت کا بھی خیال کیا ہوتا۔ جذباتی باتیں کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ جعلی اور بے نامی اکائونٹس اور اثاثوں کا جواب دینا ہو گا۔ عوام کا لوٹا ہوا مال عوام کو واپس لوٹانا ہو گا۔ لوٹ مار کی برآمدگی کی بات کریں تو عوام کے حقوق کا شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ عوام کے درد میں نڈھال اپوزیشن ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تجاویز دے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں نے اپوزیشن کو پہلے بھی دعوت دی تھی اور آج بھی دعوت دیتی ہوں کہ ہمارا آگے بڑھنے کا ایک ہی راستہ ہے، پاکستان کو آگے لے کر جانے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم یکجا ہو جائیں، ہم پارلیمنٹ کو مضبوط کریں۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ کا بائیکاٹ کرے گی، اگر اپوزیشن بائیکاٹ کرتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ دہشت گردوں کے ایجنڈے کی پیروکار ہے، وہ دہشت گردوں کی معاونت کرنے جا رہی ہے۔ ہمیں دہشت گردی کے کینسر کو ختم کرنا ہے تو ہر سیاسی جماعت کو سامنے فرنٹ فٹ پر آکر کھیلنا ہے۔ آج بلاول بھٹو کو اپنے آپ کو میڈیا میں زندہ رکھنے کے لیے کوئی نہ کوئی چورن بیچنا ہے اور پارلیمنٹ کے اندر وہ ایسا چورن بیچ رہے ہیں کہ جس سے وہ کوشش یہ کر رہے ہیں کہ میڈیا میں زند ہ رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن