• news

شہباز شریف کو حاضری سے دوسری بار استثنیٰ، عدالت داخلے سے روکنے پر حمزہ کے گارڈ، پولیس میں تلخی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملزکیس میں دوسری بار شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت میں بیٹھے لوگ اس کے اہل ہی نہیں۔ اسلام آباد میں سرکس اور تماشہ ہورہا ہے۔ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر علاج کی غرض سے بیرون ملک ہیں ۔تین ہفتوں کے لئے عدالتی حاضری سے استثنی دیا جائے۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو روسٹرم پر بلایا اور حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے کہا کہ متعلقہ جج نجم الحسن بخاری رخصت پر ہیں لہذا آج سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔ عدالت نے سماعت گیارہ مئی تک ملتوی کر دی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا وفاقی وزراء کی تبدیلی کے نام پر اسلام آباد میں سرکس ہو رہی ہے۔ کھلنڈرے نیازی کوع وامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ عمران نیازی بلدیاتی اداروں میں اکھاڑ پچھاڑ کر کے صرف اپنی حکومت مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ رمضان کی آمد آمد ہے حکومتی پالیسیوں نے عوام کو مہنگائی کے عذاب سے دوچار کردیا ہے۔ حکومتی ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں آنے والے چند مہینوں میں عوام کو مزید مہنگائی کے عذاب سے گزرنا ہوگا۔ احتساب کے عمل میں دوہرا معیار اپنایا گیا ہے۔ پشاور میں کرپشن کے چرچے ہیں مگر کوئی کارروائی نہیں۔ ہمیں حکومت کو گرانے کاشوق نہیں بلکہ ہم اسے موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ یہ شہید نہ بن سکے اور عوام اس کا اصل چہرہ دیکھیں، آنے والے مہینوں میں کمر توڑ مہنگائی کا طوفان دیکھ رہا ہوں جسے روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا، حکمرانوں کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں اور یہ ملک چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے عام پاکستانی پریشان ہے اور اس کی وجہ سے غریب کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ پشاور میٹرو میں 7ارب کا غبن ہوا لیکن وہاں نیب نام کی چیز نظر نہیں آرہی،کیا وہاں نیب سو رہا ہے، احتساب کا دوہرا معیار اپنایا گیا ہے۔ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں، بھارت میں مودی کی دوبارہ حکومت پاکستان کیلئے خطرہ ہوگی، پاکستان کے دشمن ممالک اکٹھے ہو رہے ہیں لیکن نیازی کھلنڈرے کو اپوزیشن کو ستانے کے سوا کوئی کام نہیں‘ شہباز شریف اور میں احتساب سے بھاگنے والے نہیں۔ نیازی خان کنٹینر پر چڑھ کر عوام کو سبز باغ دکھاتا تھا۔ ہمارا آئین پارلیمانی نظام پر مشتمل ہے اس سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی نظام کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ ملک کے مسائل بھوک پیاس، کھانے پینے کی اشیاء کی مہنگائی ہے، اشیائے خوردونوش غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں، حکومت کو اپنی سیٹ پکی کرنے کی پڑی ہے، اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، اعظم سواتی نااہل ہوئے لیکن عمران نیازی نے اسے دوبارہ وزیربنا دیا، کیا نیا پاکستان ایسا ہوتا ہے۔حمزہ شہباز نے تاخیر سے گاڑی لانے پر اپنے سکیورٹی سٹاف کو ڈانٹ دیا۔ پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ سڑکوں پرکنٹینرز لگنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔حمزہ شہباز اپنے محافظوں کے ہمراہ نیب عدالت پہنچے تو اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے حمزہ کے محافظوں کو عدالت جانے سے روک دیا جس پر پولیس اور سکیورٹی عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن