عوام کیلئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں: صوبائی وزیر پاپولیشن
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفئر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ ہمارے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں وہ جب چاہیں آ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیح ہے۔ کھلی کچہری میں سائلین سے گفتگو میںصوبائی وزیر نے کہا کہ مسائل کی بنیادی وجوہات میں آبادی میں بے پناہ اضافہ بھی شامل ہے جسے کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔تعلیم اور صحت کے شعبوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کرنل (ر )ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کے لئے خطیر فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ محکمہ بہبود آبادی کی ورکنگ کے حوالے سے انہوں نے کچہری میں آنے والے لوگوں کو بتایا کہ شادی شدہ جوڑوں میںجدید ما نع حمل کے طریقوں سے آگہی کے لئے سیمینارز اور سمپوزیم منعقد کئے جا رہے ہیں۔