پنجاب کی خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانا چاہتے ہیں:کولین
لاہور(سپورٹس رپورٹر) یو ایس کونسل جنرل لاہور کولین نے کہا ہے کہ ہم کے پی کے اور پنجاب کی خواتین کی سپورٹس کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، سپورٹس اور کرکٹ کے ذریعے دو ملکی تعلقات بھی بہتر ہوتے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پشاور زلمی اور یو ایس کونصلیٹ کے تعاون سے بچیوں کے کرکٹ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کولین کرینولج کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں خواتین کی سپورٹس کو فروغ ملے۔ پشاور زلمی اور پی سی بی کی شکر گزار ہوں جو اتنا اچھا پروگرام منعقد کیا۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے آئی بچیوں کا کرکٹ ٹیلنٹ دیکھ کر خوشی ہوئی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لڑکیوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر اچھا لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ مل کر سپورٹس کو پروموٹ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور زلمی فاؤنڈیشن کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لئے زبردست پروگرام ہوا۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ واضح رہے کہ زلمی فاؤنڈیشن اور یو ایس کونصلیٹ کے اشتراک سے لڑکیوں کا کرکٹ کیمپ منعقد کیا گیا تھا جس میں خیبر پختونخوا اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے نوجوان لڑکیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔