حمزہ نے نئے بلدیاتی نظام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز نے نئے بلدیاتی نظام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام عام آدمی کے مینڈیٹ کا قتل ہے ‘ حکومت کی جلد بازی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی جس کے نتائج قوم بھگت رہی ہے‘ پہلے یوٹرن تھے اور اب سلپ آف ٹنگ ہیں، آج لوگ نیازی کے جھوٹوں وعدوں پر ماتم کررہے ہیں، جہانگیر ترین جسے سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ جھوٹا ہے نیازی صاحب اسے بڑے شوق سے اپنی کابینہ میں بھاشن دینے کے لئے بلاتے ہیں کہ یہ ایگری کلچر کا ایکسپرٹ ہے۔ نیازی صاحب یہ کھیل تماشہ لوگوں نے بہت دیکھ لیا ہے۔ آپ کو میں یوٹرن خان تب مانوں گا جب آپ ہیلی کاپٹر کیس میں حساب دیں گے۔ وہ منگل کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ میں نے مشرف کے دس سالہ دور میں اپنے خاندان کا احتساب بھگتا ہے، ہم احتساب سے نہیں ڈرتے اور اسکے حق میں ہیں مگر احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ عمران نیازی نے پاکستانی عوام کی کمر توڑ دی ہے، لوگ آج آپ کے وعدوں پر ماتم کرتے ہیں جو انہیں سبز باغ دکھائے تھے۔ میں کوئی سیاسی انا میں نہیں بلکہ سچ کہتا ہوں کہ یہ جھوٹا خان ہے، میں کہتا ہوں کہ جو آنے والا مہنگائی کا طوفان ہے اس سے اللہ غریب عوام کو محفوظ رکھے، مجھے خوف آتا ہے جو مہنگائی کا سونامی آنے والا ہے جس میں عمران خان پاکستانی عوام کو ڈبونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالت کا دروازہ کٹھکھٹائیں گے اور قانونی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پہلے دن ہی میثاق معیشت کی بات کی تھی، فردوس عاشق اعوان پی پی کی ترجمان تھیں یا عمران خان کی ترجمان ہیں، فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی بناکر قوم کو پھر حیران کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کروائے اور بھرپور کوشش کی کہ انہیں اختیارات دیں، آج ایوان میں بھی ہمارے اراکین نے بلدیاتی بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا کہ آپ کو جلدی کس بات کی ہے۔ اگر انہیں اتنی ہی جلدے ہوتی تو پھر فی الفور بلدیاتی نمائندوں کے انتخابات کرواتے مگر ابھی الیکشن نہیں ہورہے۔