• news

حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا قرض لیا آئی ایم ایف شرائط بتائی جائیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف، چین اور ایشین بینک کے ساتھ شرائط پارلیمنٹ کو بتائی جائیں، ہماری سیاسی لڑائی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، عوام کی بہتری اور معیشت کو سنبھالنے کے معاملے پر سیاست نہیں کرینگے، موجودہ حکومت نے مختصر ترین وقت میں تباہی کردی، وزیر خزانہ کو ہٹادیا گیا،8 ماہ میں ناکامی کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہوگا۔ معلوم نہیں سب سے زیادہ قربانیوں کے باوجود کیوں ہمیں دہشت گرد کہا جارہا ہے، حکمران بتائیں 9 ماہ میں الزام تراشیاں کرنے کے سوا کیا کیا ہے؟ ایمنسٹی سکیم اور آئی ایم ایف کی مخالفت کرنے والے کیوں ادھر جارہے ہیں۔ مدارس اصلاحات کی بات سمیت دیگر مسائل اگر وزرا ء اٹھاتے تو بہتر ہوتا۔ ہر ادارے کو اپنے اپنے دائرے میں رہنا چاہیے۔ ایسے لگتا ہے عمران کو صرف ڈھال کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، ہم پاک فوج کو دنیا میں اپنی طاقت کے طور پر متعارف کراتے ہیں۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ افسوس کی بات ہے کہ سیاستدانوں میں بے حسی آچکی ہے، نام سیاست کا استعمال کرکے کام کچھ اور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے ساتھ کی گئی کمٹمنٹ کو پورا کرنے کی بجائے انہیں بھوک کی آگ میں جھونک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے معاشی انقلاب، پاؤں پر کھڑا کرنے اور قرضوں کے خاتمے کے دعوے کئے مگر حکومت نے آتے ہی 71 سالہ تاریخ میں سب سے بڑا قرض لے لیا۔ اب حکمران کہتے ہیں ملک میں کچھ نہیں تھا اور اب ہم نے قرض لیا۔

ای پیپر-دی نیشن