پی ٹی ایم کے وفد کی زرداری اور بلاول سے ملاقات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے محسن داوڑ کی سربراہی میں پی ٹی ایم کے وفد نے ملاقات کی۔ صحافی نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ آپ کی پی ٹی ایم رہنماؤں سے ملاقات میں کن امور پر بات ہوئی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں پارلیمنٹ ارکان سے ملا ہوں جب سیاسی لوگ ملتے ہیں تو سیاست پر ہی بات کرتے ہیں جمہوریت پربات ہوئی جو ملک کیلئے ہی ہوگی۔ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا ہے کہ ہم نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی سیاسی صورتحال اور پارلیمانی امور پر بات ہوئی۔ ملاقات میں فرحت اللہ بابر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے شرکت کی۔ جبکہ محسن داوڑ کے ہمراہ گلا لئی اسماعیل اور دیگر تھے۔ آن لائن کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کم عمری کی شادی پر پابندی کے بل کے حامیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بل کی حکومتی مخالفت کم عمری کی شادی کا جواز افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مخالفت اور کم عمری میں شادی کے حق میں دلائل شرمناک تھے۔ لیکن آج کم عمری کی شادی پر پابندی کے بل کے حامیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔