پرائیویٹ ممبر ڈے، قومی اسمبلی اجلاس میں سکون ہی سکون
اسلام آباد (قاضی بلال) قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز پرائیویٹ ممبر ڈے ہونے کی وجہ سے پرسکون رہا، کسی قسم کا کوئی احتجاج نہ کیا گیا۔ متعدد بل اور رپورٹ پیش کی گئیں۔ پیپلز پارٹی سینئر رہنما خورشید شاہ نے وزراء کی عدم حاضری پر ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پہلا دن نہیں کہ وزیر ایوان میں موجود نہیں ہوتے ہیں اراکین پارلیمنٹ کی بل پر اتنی محنت ہوتی ہے لیکن وزیر جواب دینے کیلئے نہیں آتے ہیں اور وزراء کا ایوان میں نہ آنا معمول بن چکا ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہزارہ صوبہ کا بل پیش کر دیا۔ اجلاس میں بظاہر کسی قسم کا کوئی اختلاف نظر نہیں آ رہا تھا۔ اراکین پارلیمنٹ نے دونوں جانب سے اپنے اپنے بل پیش کئے صرف ایک بل پر رائے شماری کرنا پڑی۔ اجلاس میں سابق وفاقی وزیر تعلیم بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور بیٹے کی ٹریفک حادثے میں وفات پر دعائے مغفرت لاہور اور اسلام آباد ٹول پلازہ پر حادثات میں جاں بحق افراد کے لئے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔ دعا عبدالاکبر چترالی نے کروائی۔