آصف زرداری اور سعد رفیق کی ’’سرگوشیاں‘‘ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب‘ بہاولپور‘ ہزارہ صوبہ کیلئے سرگرم
منگل کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس منعقد ہوئے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبر ڈے تھا پاکستان مسلم لیگ(ن) جنوبی پنجاب ، بہاولپور اور ہزارہ کے صوبے بنانے کے لئے خم ٹھونک پر میدان میں آگئی ہے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ سعد رفیق نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ان کی نشست پر جا کر ملاقات کی دونوں خاصی دیر تک ’’سرگوشیاں‘‘ کرتے رہے۔ دونوں رہنمائوں نے متحدہ اپوزیشن کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خواجہ سعدرفیق کی ’’تند وتیز ‘‘ تقریر کا پارلیمانی حلقوں میں بڑا چرچا ہے۔ طاہرہ اورنگزیب کی جانب سے معذور افراد (ملازمت و بحالی) آرڈیننس 1981 میں مزید ترمیم کرنے کا بل (معذور افراد ملازمت و بحالی ترمیمی بل 2019)ایوان میں پیش کیا جو ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ مجلس قائمہ کو بھجوا دیا۔ رکن اسمبلی ریاض فتیانہ نے پاکستان شہریت (ترمیمی) بل 2019پیش کیا جسے متعلقہ مجلس قائمہ کے سپرد کردیا گیا ۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے سابق وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان کی اہلیہ اور صاحبزادے کے کیلئے فاتحہ خوانی کرائی گئی ۔