• news

اطلاعات تھیں شہباز واپس نہیں آئیں گے، ایک بھائی فرار، دوسرار تیاری میں: فردوس عاشق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف لندن جا کر اپنی کرپشن کو دفن کرنا چاہتے تھے اور ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔ شہباز شریف کا پاکستان واپس نہ آنا ثابت کرتا ہے کہ ریڑھی والوں کے اکائونٹس کے پیسے وہ انہیں دینے کو تیار نہیں۔ ایک بھائی فرار ہو گیا اور دوسرا فرار ہونے کو تیاریوں میں ہیں۔ یہ لوگ این آر او لینے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ پی اے سی کی چیئرمین شپ اور قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی جگہ لیگی رکن کو پارلیمانی لیڈر نامزد کئے جانے پر ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ اپنے گھر سے باہر چوکیدار بھی تعینات نہیں کرتے۔ نئی نامزدگیوں نے ثابت کر دیا کہ شہباز شریف کی بیماری ڈرامہ ہے۔ شہباز شریف کی بیماری سے متعلق اب تک حتمی اطلاعات پاکستان کے عوام کے سامنے نہیں آئیں۔ خود ساختہ جلا وطنی کے لئے ان کی صحت کے امور آڑے آئیں گے اور کسی ڈاکٹر سے رابطے کریں گے جبکہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر گردش کرتی ہیں جس میں انہیں شاپنگ مالز میں یا ویڈیو گیمز کھیلتے دیکھا گیا۔ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ عوام کو باور کراتی رہی ہے کہ یہ لوگ لوٹے گئے پیسہ کو چھپانے کی حکمت عمی میں مصروف ہیں اور کہیں نہ کہیں عدالتوں کا سہارا لینے یا طبی بنیادوں پر بیرون ملک جانے کی کوشش میں ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے محض اپنی قیادت کی کرپشن چھپانے کیلئے میاں شہباز شریف کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنوایا۔ قائد حزب اختلاف کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جس کی بناء پر وہ بیرون ملک چلے گئے ہیں۔ فواد چودھری نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ میاں شہبازشریف کے وطن واپس آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف لاپتہ ہیں انہوں نے خود ساختہ مفروری اختیار کی ہوئی ہے عوام کو ورغلا اور بیوقوف بناکر شہباز شریف باہر چلے گئے لیڈر رو رہے ہوتے ہیں جو عوام کے ساتھ جیتے اور مرتے ہیں مخلص لیڈر ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیتا ہے عمران خان کا بیانیہ جیت گیا اپوزیشن کی دلیلیں ہار گئیں۔ اپوزیشن کی ضد کو پاکستانی عوام کے مفاد میں مان کر شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنایا مگر انہوں نے پارلیمنٹ کی ساکھ کو دائو پرلگایا اور باہر بھاگ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن