• news

صحافیوں کے مسائل حل کرینگے، جلد ملتان جرنلسٹ کالونی فیز ٹو کا آغاز ہوگا، پرویز الٰہی

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملتان کے صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، صحافی کالونی ملتان کے جتنے مسائل ہیں انہیں فوری طور پر حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مل کر احکامات جاری کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب ملتان شکیل انجم سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام اور صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا ہے اور صحافی کالونی ملتان جس کی منظوری میں نے اپنے وزارتِ اعلیٰ کے دور میں دی تھی اس کو جان بوجھ کر سست روی کا شکار کیا گیا۔شکیل انجم نے صحافیوں کے مسائل حل کرنے پر سپیکر شکریہ ادا کیا اور پریس کلب ملتان کے دورے کی دعوت بھی دی۔سپیکر نے کہا کہ وہ بہت جلد ملتان اور صحافی کالونی کا دورہ کریں گے اور صحافی کالونی فیز II کابھی آغاز کیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب میں ہم نے اپنے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور ماضی کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ مل کر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن