آرمی چیف کا دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کا عزم
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ بذات خود کوئی مسئلہ نہیں۔ تاہم سازش کے تحت بعض افراد غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور یہ عناصران لوگوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں جو دراصل دہشت گردی سے متاثر ہیں تمام دشمن قوتوں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
دہشتگردی کے ناسور نے پورے ملک میں بارود کی بو پھیلا دی تھی۔ قوم کے دہشتگردی کے خاتمے کے جذبے اور پاک افواج کی قربانیوں سے دہشتگرد اپنے بدترین انجام کو پہنچ رہے ہیں۔کچھ عرصہ قبل روزانہ کی بنیاد پر کئی کئی دھماکے ہوتے جن میں فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتاتھا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملی۔ 17 ہزار دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا اس دوران 6 ہزار سے زائد فورسز کے افسر و اہلکار شہید ہوئے۔ عام پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تعداد بھی ساٹھ ہزار ہے۔ ان قربانیوں کے باعث ملک میں امن بحال ہو رہا ہے جو پاکستان دشمنوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ وہ سازشوں کے ذریعے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے سرگرداں ہیں۔ اس کے پے رول پر کئی عناصر ہیں جن کی نشاندہی ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے گزشتہ دنوں پریس بریفنگ کے دوران واضح طور پر کی ۔ پی ٹی ایم میں اچھے لوگ بھی شامل ہیں کچھ کو گمراہ بھی کیا گیا ہے۔ ان کو قومی دھارے میں لانے کی کوشش کی ضرورت ہے۔ ان کو گمراہ کرنے والوں کو بھی راہِ راست پر آنے کا موقع ضرور دیا جانا چاہئے جو بغاوت پر آمادہ رہیں ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان کو دوسروں کے لیے نشان عبرت بنا دیا جائے۔