عوام کو پٹرول قیمتوں میں اضافے کے ساتھ رمضان مبارک: شہباز شریف
لندن (نوائے وقت نیوز) قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے۔عوام کو پٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ رمضان مبارک ہو۔ رمضان المبارک سے قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کے سبب غریبوں کا گھر‘ تاجروں کے کاروبار اور ملکی نظام منجمد ہو چکا ہے۔ ریاست مدینہ بنانے کے دعوے کرنے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن کے نومنتخب عہدیداروں کا پہلا اجلاس شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ نواز شریف کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ان کی صحت کیلئے دعا بھی کرائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشکل وقت میں نوازشریف کے ساتھ پوری قوت کے ساتھ ہے۔ قیادت کے اشارے پر پوری پارٹی متحد‘ فعال اور ہر چیلنج کا سامنا کرنے کو کہا ہے اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور ار معیشت کے تباہی پر تشویش کا اظہار کیا گیا‘ تنظیم نو نچلی سطح تک لے جانے اور مستقبل کی حکمت عملی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔پریس کانفرنس سے خطاب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کی نئی ٹیم میاں شہباز شریف لائے ہیں اور وہ نوازشریف کے اوپنر بلے باز ہیں۔ احسن اقبال نے مریم نواز کو نئی تنظیم میں ویلکم کیا اور کہا کہ وہ پہلے بھی پارٹی میں اپنا کردار ادا کر چکی ہیں۔ ان کے سرگرم ہونے سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا شہبازشریف آج بھی پارٹی کے صدر ہیں۔ وہ آئندہ چند روز میں واپس آجائیں گے۔رانا ثنااللہ نے کہ موجودہ حکومت نے 8ماہ میں 3گنا مہنگائی کر کے عام آدمی کی زندگی مشکل کردی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں آئی ایم ایف کے ملازمین کو لایا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ نواز شریف سات مئی خود کو جیل حکام کے حوالے کر دیں گے۔ نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہیں ہوئی جو ان کے ساتھ زیادتی ہے۔