بلاول بھٹو زرداری کی چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ سے صلح کیلئے شرط ماننے سے انکار کیا: شاہد آفریدی
لاہور(نمائندہ سپورٹس )شاہد آفریدی کی کتاب ’’گیم چینجر‘‘میں انکشاف کیاگیا کہ عمران خان بطور کھلاڑی اور وزیر اعظم بے حد پسند ہیں مگر ان کے ارد گرد کے لوگوں کی وجہ سے اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں مگر وہ ڈیلیور کرنا جانتے تھے۔ پی سی بی کے سابق چیئر مین اعجاز بٹ سے ان کی لڑائی ہو گئی۔ بلاول بھٹو انکے اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان صلح کرانے آئے تو انھوں نے شرط رکھی کہ صلح تو ہو جائے گی مگر ہر ریلی میں انکے ساتھ رہنا ہو گا۔ بلاول بھٹو کو صاف انکار کر دیا۔ ہیڈنگلے میں تیسرے ٹیسٹ میچ میں امپائرز بہت غلط فیصلے کر چکے تھے اور انضمام الحق امپائرز ڈیرل ہیئر اور بلی ڈوکٹروو سے خوش نہیں تھے۔ ڈیرل ہیئرکے بال ٹمپرنگ کے الزامات کے باعث اس میچ کا بائیکاٹ کر دیا اور اس الزام کی دوسرے امپائر بلی ڈوکٹروو نے بھی تائید کی اور اس پر انگلینڈ کو پانچ رنز دیدئیے گئے۔ چائے کے وقفے کے دوران، سینئر کھلاڑیوں نے انضمام الحق کی حمایت کی اور میدان میں واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا۔پی سی بی انتظامیہ انہیں میدان میں واپس جانے کیلئے قائل نہیں کر سکی جس پر ڈیرل ہیئر نے انگلینڈ کو میچ کا فاتح قرار دیدیا، آخر میں ہم آئی سی سی میں ہونے والی سماعت کے دوران ڈیرل ہیئر کا فیصلہ بدلنے میں کامیاب ہو گئے اور میچ کو ’متروک‘ قرار دیدیا گیا۔ لیکن بعد میں آئی سی سی خود ہی اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی۔ کچھ مہینوں بعد ڈیرل ہیئر کو بے عزت کر کے نکال دیا گیا، وہ ایک قابل نفرت نسل پرست تھے، کہانی ختم۔ ویسے ڈیرل ہیئر اب کافی بدنام ہو چکے ہیں۔ اکتوبر 2007ء میں وہ آسٹریلیا میں اس شراب خانے سے پیسے چراتے پکڑے گئے جہاں وہ کام کرتے تھے۔