• news

شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور، آصف باجوہ نئے سیکرٹری پی ایچ ایف نامزد

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اولمپئن آصف باجوہ کو فیڈریشن کا نیا سیکرٹری نامزد کردیا۔خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ شہباز سینئر مکمل وقت نہیں دے پارہے تھے اور ان کی مصروفیات دوسرے ادارے کے ساتھ زیادہ تھیں اس لیے مستعفی ہوگئے ہیں۔ اولمپئن آصف باجوہ کو ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکریٹری جنرل نامزد کردیا گیا ہے اور نئے سیکرٹری کل سے باقاعدہ طور اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ شہباز سینئر ساڑھے تین سال تک فیڈریشن کے سیکرٹری رہے اور اپنی بساط سے بڑھ کر کام کیا تاہم وہ میرے پاس آئے تھے اور میں ان کا استعفیٰ قبول کرتا ہوں۔بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے سابق سیکرٹری شہباز سینئر اور نئے سیکرٹری آصف باجوہ دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یادرہے کہ شہباز سینئر دسمبر 2018 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا اور اپنا استعفیٰ ہاکی فیڈریشن کو بھیجوا دیا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں حکومت اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے قومی کھیل پر توجہ نہ دینے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا کہ ہاکی کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہی نہیں ہے جس دن سے فیڈریشن میں آیا ہوں بار بار یہی کہا کہ اس نظام میں رہتے ہوئے ہاکی نہیں چل سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن