بھارتی جیل میں جاں بحق ماہی گیر کی لاش کراچی منتقل ‘ گھر میں کہرام
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بھارتی جیل میں زندگی کی بازی ہارنے والے ماہی گیر محمد سہیل کی لاش 2 روز کی تاخیر کے بعد کراچی پہنچ گئی، شیر شاہ قبرستان میں تدفین کے موقع پر متوفی کے اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی جیل میں دوران قید جاں بحق ہونے والے ماہی گیر محمد سہیل کی لاش پہلے واہگہ بارڈر لاہور اور بعدازاں کراچی میں عبدالستار ایدھی فاونڈیشن کی ایمبولنس میں اس کی رہائش گاہ محمدی کالونی( مچھر کالونی ) منتقل کردی گئی ہے،لاش پہنچتے ہی جاں بحق ماہی گیر کے گھر میں کہرام مچ گیا۔لاش پہنچنے کی اطلاع ملنے کے بعد اہل علاقہ اور ماہی گیروں کی بڑی تعداد متوفی کے گھر پہنچ گئی۔چئیرمین فشر مینز کو آپریٹیو سوسائٹی عبدالبر نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف تقریبا ساڑھے تین سو بھارتی ماہی گیروں کو تحفے تحائف دیکر بڑی عزت سے رہا کر دیا بلکہ پاکستان پر حملہ کرنے والے پائلٹ ابھی نندن کو بھی فوری طور رہا کر دیا، مگر بھارتی حکومت نے جذبہ خیر سگالی کا جواب ہمارے دو ماہی گیروں کی لاشیں پاکستان بھیج کر دے دیا ہے۔ چئیرمین ایف سی ایس عبدالبر نے کہاکہ بھارتی حکام نے سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ماہی گیر محمد سہیل کی لاش کو 2 دن تک واہگہ بارڈر پر روکے رکھا۔ اور ایف سی ایس انتظامیہ اور پاکستانی حکام ان کا منہ دیکھتے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قید میں پاکستانی ماہی گیروں پر مظالم کی انتہا کردی جاتی ہے۔ ترجمان ایف سی ایس نے بتایا کہ متوفی الحافظ نامی لانچ میں مچھلی کے شکار کے لیے ابراہیم حیدری فش ہاربر سے روانہ ہونے و الے ماہی گیر محمد سہیل ولدعبدالرشیدکو 2اکتوبر 2016کو بھارتی فورسیز نے گرفتار کر لیا تھا۔اور وہ تقریبا ڈھائی سال سے بھارتی جیل میں قید و بند کی صعبتیں برداشت کر رہا تھا۔ترجمان فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے مطابق بھارتی جیل میں جاں بحق ہونے والا ماہی گیر محمدی کالونی کراچی کا رہنے والا ہے۔چئیرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے مزید کہاکہ تاحال بھارتی جیلوں میں 108پاکستانی ماہی گیر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔جن کی رہائی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں مگر تا حال بھارتی حکومت نے ہمارے جذبہ خیر سگالی کا مثبت جواب نہیں دیا ہے۔چیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے ایف سی ایس کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بھارتی قید میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی ماہی گیر کی فیملی کی کفن دفن سمیت ہر ممکن مالی مدد فراہم کریں۔چئیرمین ایف سی ایس عبدالبر نے عبدالستار ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمارے ماہی گیر کی لاش واہگہ بارڈر لاہور سے کراچی متوفی کے گھر تک میت لانے میں ایف سی ایس کی معاونت کی