بلوچستان میں طویل لوڈشیڈنگ‘ وزیراعلیٰ کا کیسکو چیف کو ہٹانے کیلئے وفاقی حکومت کو خط
کوئٹہ (نوائے وقت نیوز) وزیر اعلیٰ نے کیسکو چیف کو ہٹانے کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا۔ بلوچستان کے وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کیسکو چیف کو ہٹانے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی صوبے کے زرعی علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کرنے پر کیسکو چیف پر برس پڑے۔ اراکین نے موجودہ کیسکو چیف کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی زیرصدارت ہوا جس کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن اسمبلی عبدالعزیز زہری نے نقطہ ٔاعتراض پر بتایا کہ صوبے کے زرعی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ سے فصلیں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیسکو چیف کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کیسکو چیف کو ہٹانے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نئے کیسکو چیف کے لیے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک آفیسر کا نام دیا ہے۔ امید ہے کہ موجودہ کیسکو چیف کو جلد ہٹا دیا جائے گا۔