لیبر کورٹس کے ججوں کی تربیتی ورکشاپ: سیکرٹری کی عدم شرکت پر تحفظات
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں لیبر کورٹس کے ججز کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نذیر احمد گجانہ نے تربیتی ورکشاپ میں سیکرٹری لیبر کی عدم شرکت پر تحفظات کا اظہار کیا تقریب کے آغاز پر انسٹرکٹر ندیم احمد چیمہ نے شرکاء کو بریفنگ دی، تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں صوبے بھر سے لیبر کورٹس کے اٹھارہ ججز نے شرکت کی۔ ججز کو جدید تقاضوں اور نئے لیبر قوانین میں ترامیم کے بارے آگاہی دی گئی۔ ڈومیسٹک لیبر قانون، مالک اور مزدور کے تعلقات بارے آگاہی دی گئی، شرکاء کا کہنا تھا کہ تربیتی ورکشاپ مفید رہی اگر سیکرٹری لیبر شرکت کرتے تو مسائل اور معاملات کو سمجھنے میں مدد ملتی۔ نذیر احمد گجانہ نے کہا کہ دعوت کے باوجود سیکرٹری لیبر نے تربیتی ورکشاپ میں شرکتِ نہیں کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھیں گے، لیبر کورٹس کے ججز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر کورٹس اہم عدالتیں ہیں اور آپ معاشرے کے پسے ہوئے مزدوروں کی دادرسی کرتے ہیں۔ ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی، جبکہ نذیر احمد گجانہ نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔