اعلیٰ عہدیداروں کو تبدیل کرنے کے باوجود معاشی حالات ٹھیک نہیں:مرتضی وہاب
کراچی (نوائے وقت نیوز)وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے چیئرمین کو تبدیل کرنے کے باوجود بھی ملک کے معاشی حالات تحریک انصاف کی نااہل حکومت سے سنبھالے نہیں جارہے اور دن بدن مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے وفاقی حکومت نے مہنگائی کے سونامی سے عوام کو ڈبو دیا ہے ۔ مشیر اطلاعات سندھ نے وفاقی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی ، گیس اور اشیائیضرورت کے بلند نرخوں سے تنگ ہیں اس پر ستم بالائے ستم یہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی حریفوں پر سب و وشتم کرنا ہی تحریک انصاف کی بنیادی پہچان بن چکی ہے ملک جس معاشی بھنور میں جارہا ہے اس سے حکمران غافل ہو گئے ہیں اور انہیں عوام کی تکالیف کا رتی بھر احساس نہیں۔