رمضان کا مہینہ صلہ رحمی کرنے کا درس دیتا ہے:غلام مرتضیٰ شازی
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت )ممتاز مذہبی سکالرمولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کے تذکیہ نفس کرنے کے ساتھ ان میں خیر خواہی غم خواری اور ایک دوسرے کو معاف کرنے اور صلہ رحمی کرنے کا درس دیتا ہے اس کا اجر و ثواب خدا تعالیٰ کا دیدار ہے، قیامت کے روز رمضان اور قرآن انسان کی شکل میں بندہ مومن کی سفارش کریں گے ، رمضان خدا تعالیٰ کا مہمان مہینہ ہے جس میںمسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ اس کا احترام و تعظیم کرکے اس کے احکامات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں منعقدہ استقبال رمضان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شازی نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں تحمل برداشت رواداری ایثارقربانی کا بھی درس دیتا ہے، ہمیں اس ماہ مبارک سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کیلئے قرآن و حدیث پر عمل پیرا ہونا ہوگا، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک خدا تعالیٰ کا بہت بڑا انعام ہے، ہمیں اس انعام خداوندی کی قدر کرتے ہوئے اس میں اپنے جملہ معاملات اور عقائدکو درست کرنا ہوگا۔