احترام رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا:خالد محمود
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت )صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ انسانوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے والوں کو ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت حاصل رہتی ہے، رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ شروع ہوتے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں از خود بڑھانے والوں کیخلاف آہنی ہاتھ استعمال کیا جائے گا، ناجائز منافع خوری ،ذخیرہ اندوزی،دھوکا وفریب ،خیانت اور کام چوری جیسے قبیح اعمال معاشرے کا حصہ بننے سے بہت سی خرابیاں جنم لیتی ہیں جن کے تدارک کی جدوجہد کررہے ہیں حکومت روزمرہ کی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے مربوط میکنزم کو اپنائے ہوئے ہے جس کے ثمرات عوام کو حاصل ہورہے ہیں، ان خیالات ا ظہار انہوں نے شیخوپورہ ہرن مینار لائنز کلب کی طرف سے منعقدہ غریب و مستحق مردو خواتین میں رمضان راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر ہرن مینار لائنز کلب کرامت کھوکھر، حاجی نسیم اکبر، حاجی عظیم اکبر، صبور ملک، شیخ عظیم علی، سید علی معظم رضوی، حاجی امانت علی، شیخ نعیم، حاجی زبیر احمد، چوہدری امتیاز اشرف اولکھ، معین احمد خان، خواجہ خاور رشید، نسیم الغنی، خواجہ خاور، ڈاکٹر محمد سلیم، میاں طارق محمود،اشر ف وڑائچ ، الحاج شیخ عبدالحفیظ، ندیم عباس ڈھلوں، عطاء اللہ ، ڈاکٹر عبدالقدوس، آصف جاوید و دیگر موجودتھے ،صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے کہا کہ احترام رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوںکیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔