• news

موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو 7 فیصد تک بڑھے گی: ایشیائی بنک

اسلام آباد (اے پی پی+ آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ حکومت کے دور اقتدار کے اختتام تک پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔ بینک کے وسطی اور مغربی ایشیاء کے شعبے کے ڈائریکٹر جنرل وارنر لی ہیک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کے اختتام تک پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 5,6 فیصد یا پھر 7 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔ پاکستان کی معیشت کی درست عکاسی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو پہلے انتہائی سطح تک ترقی اور پھر اس کو پائیدار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں شرح نمو 4.6 فیصد، 2017ء میں 5.4 فیصد اور 2018ء کیلئے 5.2 فیصد تک کم ہوئی ہے جس میں مزید کمی کا خدشہ ہے تاہم آئندہ سالوں کے دوران پاکستان کی شرح نمو تیزی سے ترقی کرے گی۔ دوسری جانب صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر بندر حجار نے کہاہے کہ پاکستان تیسرا بڑا ملک ہے جس کو اسلامی ترقیاتی بینک فنڈ فراہم کرتا ہے تاہم اب تک پاکستان کو12ارب ڈالر سے زیادہ کی فنڈنگ کی گئی ہے۔اسلامی ترقیاتی بینک کے زیراہتمام ٹرانفارمرز روڈ شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بندر حجار نے کہاکہ ٹرانسفارمرز روڈ شو پانچواں شو ہے جو پاکستان میں منعقد کیا جارہا ہے، سائنس ٹیکنالوجی اور انوویشن کیلیے50 کروڑ ڈالرکافنڈ قائم کیا گیا ہے، اسلامی دنیا میں پائیدار معاشی ترقی کیلیے بینک منصوبوں کو فنڈنگ فراہم کر رہا ہے جبکہ نیلم جہلم منصوبے کیلیے 370 ملین ڈالر کا فنڈ فراہم کیاہے۔انہوں نے کہا کہ کاسا1000اور پاور پراجیکٹ، صحت، سائنس وٹیکنالوجی کی ترقی کیلیے پاکستان کو ترجیحی فنڈنگ فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اقتصادی بحالی پروگرام کوبھی سپورٹ فراہم کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن