• news

نواز شریف ضمانت کی مدت ختم ہونے پر کل دوبارہ جیل منتقل ہو جائیں گے سابق وزیراعظم کا خطاب بھی متوقع

لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شر یف طبی بنیادوں پر چھ ہفتوں کی ضمانت کی مدت ختم ہونے پر کل منگل کو کوٹ لکھپت جیل منتقل ہو جائیں گے۔ اظہار یکجہتی کیلئے جیل تک مختلف مقامات پر اظہار یکجہتی کیلئے کیمپ لگائے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے نواز شریف کی 7مئی کی رات جیل منتقلی کیلئے حکمت عملی پر غور کیا ہے تاہم آج پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی قائد محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں مختلف مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گئے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف کی زیرصدارت آج پیر کے روز اجلاس ہوگا جس میں حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے جیل واپسی کے موقع پر کارکنوں کو آنے سے منع کیا ہے تاہم اس کے باوجود کارکن بضد ہیں کہ وہ اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے ہر صورت ان کے ساتھ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جیل کی حدود میں داخل ہونے سے قبل نواز شریف کا کارکنوں سے خطاب بھی متوقع ہے۔ رہنمائوں کی نواز شریف سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن