• news

فضل الرحمنٰ کو سیکورٹی نہ ملی تو ملک جام‘ آج پارلیمنٹ میں احتجاج کرینگے‘ غفور حیدری

اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار خصوصی + خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام (ف) نے مولانا فضل الرحمٰن کی سکیورٹی واپس لینے کے خلاف ملک بھر کو جام کرنے کی دھمکی دیدی ہے، ہمیں خطرہ ہے کہ حکومت دہشتگردوں کیساتھ ملک کر مولانا فضل الرحمٰن پر حملہ کروا سکتی ہے، اگر خدانخواستہ مولانا فضل الرحمٰن کو کچھ ہوا تو ہم ایف آئی آر وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیراعلی خیبر پی کے کے خلاف کروا ئیں گے، ہم مردانہ وارحالات کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں اور مسلم لیگ ن و پیپلزپارٹی کا انتظار ہے،21جولائی کے ملین مارچ میں اسلام آباد پر یلغار کے لئے جلد لائحہ عمل کا اعلان کردیا جائے گا۔ آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مولانا فضل الرحمن کی سیکیورٹی واپس لینے کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا ،تحاریک التواء پیش کی جائیں گی، آئی ایم ایف کے دبائو پر گورنر سٹیٹ بنک کی تبدیلی کی گئی ہے، رمضان المبارک کا خیا ل بھی نہیں رکھا گیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں 10روپے کا اضافہ کردیا گیا، انہوں نے یہ بات اتوار کو مولانا عبدالغفور حیدری نے ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ 21 جولائی کو اسلام آباد کے قریب ترین صوبائی دارالحکومت پشاور میں ملین مارچ ہوگا، مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ملک پر جعلی حکومت اور نااہل قیادت مسلط ہے۔ اپوزیشن کی بڑی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ ن اور اور دیگر مصلحت چھوڑیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف کو ثابت قدم رہنا چاہیے۔ادھر جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے امیر اور ایم ایم اے کے صدر مولانا فضل الرحمن کے گھر پر مامورسکیورٹی واپس لے لی گئی ہے،حالانکہ مولانا پر تین بار خود کش حملے ہو چکے ہیں۔ امن و امان حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے اورعوام کوتحفظ فراہم کر نا بھی ارباب اقتدار کی اولین ذمہ داری ہے، اسی طرح ملکی نامور شخصیات کو تحفظ فراہم کر نا بھی حکومت کا اہم فریضہ ہے ۔ یہ بات ترجمان مولانا محمد امجد خان، مولانا محب النبی اور حافظ اشرف گجر نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔رہنمائوں نے کہاکہ ان حقائق کی روشنی میں حق تو یہ بنتا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی سکیورٹی بڑھائی جا ئے کیونکہ ابھی مانسہرہ کے ملین مارچ کے موقع پرخدشات کا اظہار کیا جاچکا ہے اس صورتحال میں سکیورٹی واپس لینا یہ کہا ں کا انصاف ہے؟ مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ رمضان المبارک سے قبل حکومت نے غریب عوام پر پٹرول بم پھینک کر غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن