• news

بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز نے چارج سنبھال لیا، ٹرانزیشن ٹیمیں بھی قائم کردیں: راجہ بشارت

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر قانون وبلدیات راجہ بشارت نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی قانون کے نفاذ کے ساتھ ہی سابقہ بلدیاتی قانون 2013، بلدیاتی ادارے اور نمائندے ختم اور نئے ایڈمنسٹریٹرز کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی پر مؤثرعملدرآمد کیلئے ایک کابینہ کمیٹی اورصوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ٹرانزیشن ٹیمیں کام کریں گی جس کے لیے فوری کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ راجہ بشارت نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی کے سربراہ وزیر بلدیات پنجاب جبکہ ارکان میں ایم پی ایز شامل ہوں گے جبکہ صوبائی ٹرانزیشن ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ارکان میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹری شامل ہوں گے۔ سیکرٹری بلدیات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ کو ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور مقرر کردیا اور انہوں نے اپنے فرائض منصبی کا چارج سنبھال لیا۔ راجہ بشارت نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر کے سرکاری محکموں میں تعینات ڈیلی ویجز نابینا ملازمین کو کنٹریکٹ پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلی نے گزشتہ روز کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ منظوری دیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کوہدایت کی کہ وہ پنجاب کے تمام محکموں سے ان ہدایات پرعملدرآمد کرائیں۔ ساہیوال میں بلدیاتی اداروں کے تحلیل کے بعد میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کمیر کے ایڈمنسٹریٹروں نے چارج سنبھال لیا۔ کمشنر ساہیوال عارف انور بلوچ نے میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل ساہیوال کا چارج سنبھا ل لیا اور ذمہ داریاں سنبھال کر کام شروع کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن