پاکستان سٹیٹ بنک ٹیم نے پیٹرنز ٹرافی گریڈ II کا ٹائٹل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سٹیٹ بنک ٹیم نے پیٹرنز ٹرافی گریڈ II کا ٹائٹل جیت لیا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں سٹیٹ بنک ٹیم نے ہائر ایجوکیشن کمشن ٹیم کو 499 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فاتح ٹیم کے سعد علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے اننگز میں 105 جبکہ دوسری اننگز میں 220 رنز کی اننگز کھیلی۔ سعید علی کو فائنل میچ سمیت ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جی ایم ڈومیسٹک کرکٹ شفیق پاپا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے نقد کے ساتھ ٹرافی انعام میں دی گئی۔ سعد علی کو ایک لاکھ روپے، نثار احمد بہترین باولر کا اعزاز حاصل کرنے پر پچاس ہزار روپے، محمد حمزہ اکبر ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر قرار پائے جس پر انہیں پچاس ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔