پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے گورے کوچز زہر قاتل ہیں : عبدالقادر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کرکٹرعبدالقادر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے گورے کوچز کو زہر قاتل قرار دے دیا۔ عبدالقادر نے کہا کہ سزا اور جزا کا نظام لائے بغیر کرکٹ تو کیا کوئی نظام بھی نہیں سدھر سکتا،پی سی بی میں بھی مرضی کے لوگ لائے جاتے ہیں،حکومت کہتی ہے کہ برآمدات بڑھائیں گے لیکن کرکٹ کی سمجھ بوجھ نہ رکھنے والوں کو انگلینڈ سے درآمد کیا جا رہا ہے، قومی ٹیم کیلئے گورے کوچز کو ترجیح دی جاتی ہے جو پیسہ کما کر چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کو 3سال کے کنٹریکٹ دیے جاتے ہیں،اگر جلد رخصت کرو تو اپنے واجبات کی ایک پائی نہیں چھوڑتے،اپنے عظیم کرکٹرز جاوید میانداد اور وسیم باری کو ایک ایک ماہ کے معاہدوں پر رکھا گیا، مکی آرتھر اور گرانٹ فلاور میں ایسی کون سی قابلیت ہے جو ماجد خان، آصف اقبال اور جاوید میانداد میں نہیں، پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بڑے کھلاڑی ہوتے تو 25 ٹیسٹ تو کھیل جاتے، گرانٹ فلاور اتنے ہی تجربہ کار ہوتے تو اپنی ٹیم کی رینکنگ ہی بہتر بنالیتے۔ایک سوال پر عبدالقادر نے کہا کہ پلاننگ میں خامیوں اور مسائل کے باوجود ہماری دعائیں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں، گرین شرٹس ناقابل یقین کارکردگی کیلئے مشہور ہیں،دن اچھا ہو تو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں، ہارنے پر آئیں تو زمبابوے سے بھی ہار جائیں۔ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں بھی کہا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ سے کھلاڑیوں کا روزگار وابستہ ہے، معاشی تحفظ نہیں ہوگا تو کلب کرکٹ بھی ختم ہوجائے گی۔