پاکستان سینئر سکواش چیمپئن شپ واپڈا کے فرحان محبوب نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) آل پاکستان سینئر سکواش چیمپئن شپ واپڈا کے فرحان محبوب نے جیت لی۔ او سی یونٹ پاکستان ائرفورس کے ائر کموڈور سرفراز خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے نعامات تقسیم کئے‘ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان ‘سکواش کوچز محبوب خان ‘پی اے ایف سکواش اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اطلس خان‘ پرویز خان ‘ چیف ریفری و چیف آرگنائزر منور زمان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔فائنل میں فرحان محبوب اور دانش اطلس خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا جس میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا ‘فائنل میں سابق ورلڈ نمبر 14 پاکستان واپڈا کے فرحان محبوب نے خیبر پختونخوا کے دانش اطلس خان کے خلاف انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین گیارہ ‘گیارہ نو ‘گیارہ چھ ‘سات گیارہ اور گیارہ نو سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا اس سے قبل سیمی فائنل میں واپڈا کے فرحان محبوب نے اپنے چھوٹے بھائی وقاص محبوب کے خلاف چونتیس منٹ کے مقابلے میں فرحان محبوب نے گیارہ نو ‘گیارہ چار اور گیارہ سات سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تاہم دوسرے سیمی فائنل میں خیبرپختونخوا کے دانش اطلس خان نے اپ سیٹ کرتے ہوئے کے پی کے ہی ظاہر شاہ کے خلاف تین صفر سے کامیابی اپنے نام کی ان کی کامیابی کا سکور گیارہ چھ ‘گیارہ دو اور گیارہ نو رہا فائنل کے اختتام پر ائر کموڈور سرفراز خان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔