خاتون کو جنسی ہراساں کرنے کے کیس سے بھارتی چیف جسٹس کلیئر
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کے خلاف خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعہ کی انکوائری والی کمیٹی نے کلیئر قرار دیدیا۔ چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی پر گزشتہ ماہ 20اپریل کو سپریم کورٹ کی سابق خاتون ملازم نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی سابق ملازم خاتون نے 22ججز کو لکھے گئے حلف نامے میں الزام لگایا تھا کہ چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے انہیں 2018ء میں اپنی سرکاری رہائش گاہ کے دفتر میں 2مرتبہ جنسی طور پر ہراساں کیا۔ خاتون نے حلف نامے میں دعویٰ کیا تھا کہ چیف جسٹس نے انہیں زبردستی گلے لگایا‘ ان کے جسم کو چھوا اور انہیں باہر جانے سے روکا۔