• news

پاکستانی امپائر علیم ڈار ون ڈے میچوں کی ڈبل سنچری سے ایک مقابلہ دوری پر

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستانی امپائرعلیم ڈار ون ڈے میچوں کی ڈبل سنچری سے ایک میچ کی دوری پر ہیں۔پاکستانی آئی سی سی ایلیٹ امپائر علیم ڈار کل ون ڈے میچوں کی ڈبل سنچری مکمل کریں گے، آئرلینڈ میں جاری تین ملکی ٹورنامنٹ میں 7 مئی کو ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ان کے کیرئرکا 200واں میچ ہوگا جس کو وہ سپروائز کرنے کا اعزاز حاصل کریں گے۔ جھنگ سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ علیم سرور ڈار ایک روزہ میچوں کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والے تیسرے امپائر بن جائیں گے۔ اس فہرست میں جنوبی افریقہ کے روڈی کوٹزن 209 میچوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، نیوزی لینڈ کے بلی باوڈن 206 ایک روزہ میچ سپروائز کرکے دوسرے نمبرپر ہیں۔پی اینڈ ٹی جم خانہ لاہور کے پلیٹ فارم سے امپائرنگ شروع کرنے والے علیم ڈار 2004 میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنے۔ انہیں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ قائم کرنے کے لیے مزید تین ٹیسٹ میچوں کی ضرورت ہے۔ جمیکا کے اسٹیوبکنر نے 128 ٹیسٹ میچ اپنے نام کے آگَے درج کرواچکے ہیں۔ علیم ڈار کے ٹیسٹ میچز کی تعداد 126 ہے، 2009 سے 2011 تک لگاتار تین بار آئی سی سی کے بیسٹ امپائر کی ٹرافی جیتنے والے یہ قابل فخر پاکستان امپائر اس سے پہلے سب سے زیادہ 43 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کرنے والے علیم ڈار اس بار پانچویں بار ورلڈکپ میں ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن