• news

بابر غوری کی عدم گرفتاری سپریم کورٹ برہم، یوسف رضا گیلانی کو ملزم نہ بنانے پر جواب طلب

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزارت پورٹ اینڈ شپنگ میں ملازمین کے خلاف ضابطہ تقرر کے کیس میں سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر بابر غوری کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ میں وزارت پورٹ اینڈ شپنگ کے 940 ملازمین کی خلاف ضابطہ مستقلی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ بابر غوری کی عدم گرفتاری پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کیا کہ بابر غوری کی گرفتاری کے لیے کیا اقدامات کیے جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو ملزم نہ بنانے پر بھی نیب سے جواب طلب کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعظم کی ہدایت پر ملازمین کو مستقل کیا گیا، جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ سابق وزیراعظم کو نہ ملزم بنایا نہ شامل تفتیش کیا۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ بابر غوری کہاں ہیں؟ جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ٹریول ہسٹری کے مطابق بابر غوری مفرور ہیں اور امریکہ میں ہیں۔ جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے نیب بابر غوری کو تحفظ دے رہا ہے اور ساتھ ہی استفسار کیا کہ کیا بابر غوری کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رجوع کیا؟جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بابر غوری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے خط لکھا ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو انٹرپول اور ای سی ایل کا فرق نہیں پتہ؟جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم نے ملازمین کو ریگولر کرنے کے لیے جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی اور استفسار کیا کہ کیا بابر غوری نے وزیر اعظم کے احکامات سے تجاوز کیا؟

ای پیپر-دی نیشن