3 ماہ میں وزارتوں، ڈویژنز کی اضافی چارج والی پوسٹیں ختم
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا سپریم کورٹ سے سزا یافتہ مجرم سج دھج سے جیل واپس گیا، مجرم کو شاہانہ انداز میں پروموٹ کیا جارہا ہے، مسلم لیگ (ن) مجرم کو ایسے لے کر گئی جیسے وہ کرپشن کا ورلڈ کپ جیت کر آئے، شرمندہ ہونے کی بجائے یہ لوگ سج دھج، شان و شوکت سے قیدی کو جیل لے کر گئے، یہ چیزیں ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدی کا ضابطہ اخلاق طے شدہ ہے، انوکھا لاڈلا قیدی تمام قوانین کی دھجیاں بکھیرکر واپس گیا، یہ چاہتے ہیں کہ قیدی کو قیدی نہیں بلکہ امام مسجد کہیں۔ آئندہ بجٹ قومی امنگوں کا ترجمان ہوگا، بجٹ اجلاس سے قبل اتحادیوں اور پارلیمانی رہنمائوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، تین ماہ کے اندر تمام وزارتوں اور ڈویژنز میں اضافی چارج کی پوسٹس ختم کر دی جائیں گی، مدارس وزارت تعلیم کے ماتحت نہیں بلکہ منسلک کیے گئے ہیں، مدارس کی رجسٹریشن صرف وزارت تعلیم کے تحت ہوگی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزیر عمر ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16نکاتی ایجنڈے پر غور کیا، وزارت تعلیم مدارس کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے نہیں سہولت کاری کریگی، ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن کریں، تمام مدارس کی ون ونڈو رجسٹریشن ہوگی، وزارت تعلیم مدارس کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرے گی، مدارس کے طلباکو ان کا تعلیم کا جائزحق دینا چاہتے ہیں۔ 30ہزار مدارس وزارت تعلیم کے ماتحت نہیں بلکہ منسلک کیا جائے گا، کابینہ نے سحر و افطار میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ای سی سی کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، برازیل کے ساتھ سمجھوتے کی توثیق کی گئی، 30 ہزار مدارس کو ریگولرائز کرنے سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم نے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ نے ٹیکسیشن اینڈ سمگلنگ معاملات سے متعلق کراچی میں جج کی تعیناتی کی منظوری دی ہے، آئندہ بجٹ میں گفٹ وغیرہ کے لیے مختص رقم کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، چائے پانی کا کام اب وزرا کو اپنی جیب سے کرنا ہوگا، ایس ای سی پی کی سالانہ رپورٹ کی کابینہ میں منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت عمر ایوب صاحب کیلئے مشکل ہوگا۔ اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورمیں گردشی قرضہ 806ارب روپے تک پہنچ گیا مسلم لیگ ن کو پتہ تھا کہ الیکشن آرہا ہے اس لئے اس نے ایسا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کے لئے سعودی عرب میں افرادی قوت کا جائزہ لینے اور آذربائیجان کے ساتھ زراعت کے شعبے میں تعاون کے لئے معاہدے، وزیراعظم کفایت شعاری اور سادگی مہم کے تحت تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کے لئے مختص انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ کے خاتمے، اقبال اکیڈمی کے لئے بورڈ آف گورنرز، کراچی ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ جج کی تقرری اور وزیراعظم عمران خان کے وعدے کے مطابق پاک چائنہ یونیورسٹی آف انجنیئرنگ کے قیام کی اصولی منظوری دی، اس یونیورسٹی کیلئے چین 400 ارب کے فنڈز فراہم کریگا، تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو ہدایات دیں ہیں کہ آئندہ کسی افسر کو اضافی چارج دینے کی سمری نہ بھجوائیں، تین ماہ کے اندر اندر تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں مستقل افسران کی تعیناتی یقینی بنائی جائے، وزیر اعظم عمران خان نے وزراء اعلی، چیف سیکرٹرز اور صنعت و پیداوار کے وزراء کو واضح ہدایات دیں ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوزی، مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مافیا اور افسران میں شامل کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر ملک بھر میں ماسوائے 60فیڈرز کے 8783فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی، سحری اور افطاری کے پانچ پانچ گھنٹے 100فیصد بجلی فراہم کی جارہی ہے، ڈیڑھ سال تک بجلی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، 31دسمبر 2020 تک گردشی قرضے صفر ہوجائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ ا جلاس میں معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ دوائیوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ فارماسوٹیکل کمپنیوں اور متعلقہ اداروں سے بات چیت کے نتیجہ میں دوائیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور 7.15 ارب روپے کی مجموعی بچت ہوئی ہے۔ معاون خصوصی ندیم بابر نے کابینہ کو توانائی کے شعبہ میں کی جانے والی اصلاحات پر بریف کیا۔ مشیر تجارت نے بتایا کہ چینی کی طلب و رسد اطمینان بخش ہے اور مارکیٹ میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے۔ وزیر تعلیم کی جانب سے وفاق المدارس سے جاری مذاکرات پر کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ وزارت تعلیم تمام مدارس کو رجسٹر کرے گی، لازمی مضامین درس نظامی میں شامل ہوں گے، مدارس حکومت سے منسلک ہو رہے ہیں، وزارت تعلیم مدارس میں تکنیکی تعلیم اور مالی وسائل کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گی۔ معاشرے کے بچے حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ افسوس کہ حکومت اس ذمہ داری سے دستبردار ہو گئی۔ نظام تعلیم نے طبقاتی تفریق پیدا کی۔ پہلی دفعہ ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ یکساں نظام تعلیم ہو تاکہ اس تفریق کو ختم کیا جا سکے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ 449 ملین ڈالر پر سیلولر لائسنس کی تجدید کی جائے گی۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ تمام خالی آسامیوں کو آئندہ تین ماہ کی مدت میں پر کیا جائے۔ کابینہ نے ایس ای سی پی کی سالانہ رپورٹ کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ پاکستان سٹیل ملز کو دوبارہ فعال بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلایا جائے گا۔ اس سلسلے میں مشیر تجارت تمام کمپنیوں سے رابطے میں ہیں جو اس میں دلچسپی لے رہی ہیں۔