بیٹیوں کے آئوٹ ڈور گیمز کھیلنے پر پابندی لگائی ہے: شاہد آفریدی
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) اس بات میں تو کوئی شک نہیں ہے کہ بوم بوم آفریدی کے پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں،شاہد آفریدی بھی اپنے مداحوں کو اپنی سرگرمیوں سے با خبر رکھتے ہیں ،ان کی چار بیٹیاں ہیں اوروہ اکثر اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کرتے رہتے ہیں۔حال ہی میں ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ معاشرتی اور مذہبی پابندیوں کے باعث انہوں نے اپنی بیٹیوں پر کسی بھی پبلک سپورٹس ایکٹیویٹی پر پابندی لگا رکھی ہے۔شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو ہر طرح کے کھیل میں شرکت کرنے کی اجازت دے رکھی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ کھیل انڈور ہو،کرکٹ کا کھیل ان کی بیٹیوں کے لیے نہیں ہے،ان کی بیٹیاں ہر طرح کی انڈور گیمز میں شرکت کرسکتی ہیں لیکن وہ کبھی کسی پبلک سپورٹنگ ایونٹ میں حصہ نہیں لیں گی۔ انہوں نے اپنی بیٹیوں پر پبلک سپورٹنگ ایونٹ میں شرکت پر پابندی معاشرتی اور مذہبی پابندیوں کی وجہ سے لگائی ہے اور ان کی اہلیہ بھی اس فیصلے میں ان کے ساتھ ہیں،حقوق نسواں کے علم بردار جتنا چاہیں شور مچاسکتے ہیں لیکن ایک مسلمان پاکستانی باپ ہونے کے ناطے یہی ان کا فیصلہ ہے۔یادرہے کہ اس سے قبل جب شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ آپ کی ماشاء اللہ سے چار بیٹیاں ہیں،بیٹوں کے والد ہو کر آپ محسوس کرتے ہیں؟۔ جس کا جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میری بیٹیاں میری قسمت ہیں۔میں سمجھتا ہوں کہ میری ہر بیٹی کے ساتھ اللہ نے میری قسمت بہت کھولی ہے۔ایک انسان کے لیے اللہ کی طرف سے بیٹیوں سے بڑا تحفہ نہیں ہے۔مجھے پر بھی اللہ کا کرم ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ جن جن کی بیٹیاں ہیں اللہ تعالیٰ ان کی قسمت اچھی کرے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ میرے لیے چاروں بیٹیاں برابر ہیں۔لیکن جو چھوٹی ہوتی ہے وہ سب سے زیادہ پیاری ہوتی ہے۔