• news

ڈی جی سپورٹس کی علیم ڈار کو 200ون ڈے میچز میں امپائرنگ پر مبارکباد

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پاکستان کے آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر علیم ڈار کو 200ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کی امپائرنگ مکمل کرکے ایشیاء کے پہلے اور دنیا کے تیسرے امپائر کااعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے، بدھ کے روز اپنے ایک پیغام میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ علیم ڈار نے یہ اعزاز حاصل کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ علیم ڈار مستقبل میں بھی مزید کرکٹ میچز کی امپائرنگ کرکے پاکستان کا نام روشن کریں گے، علیم ڈار نوجوان امپائرز کے لئے بہترین مثال ہیں کہ محنت اور لگن سے کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں، نوجوان امپائر علیم ڈار سے رہنمائی حاصل کرکے امپائرنگ کی دنیا میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ امپائر علیم ڈار نے7مئی کو ڈبلن آئر لینڈ میں ہونے والی ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ٹرائی سیریز ون ڈے انٹرنیشنل میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے کر 200ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز کی امپائرنگ مکمل کرکے ایشیاء کے پہلے اور دنیا کے تیسرے امپائر کااعزاز حاصل کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن