شاہ دوست نے وزیراعظم ، چیف جسٹس ، آرمی چیف سے مدد مانگ لی
لاہو(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم پاکستان عمران خان، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی بلوچستان کو اس کے آئینی و قانونی حق سے محروم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کوئٹہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے ڈی نونٹیفائی کیے جانیوالے گورننگ بورڈ کے رکن شاہ دوست نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے کرکٹرز کے حقوق کے تحفظ کے جرم کی پاداش میں میرے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔یہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہے یا ٹارگٹ کلرز کا ادارہ، میرے منتخب عہدے کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے۔ پی سی بی میں نامزد اور تنخواہ دار منتخب افراد کا استحصال کر رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ "یس سر" نہ کرنے کی وجہ سے ذاتی و انتقامی کارروائیاں کر رہا ہے۔ مجھے محکمانہ اور ریجنل کرکٹ کو بچانے کے لیے آواز بلند کرنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، میرا قصور نوجوانوں کے روزگار کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ پی سی بی ایڈجوڈیکیٹر جانبدار ہیں، سارا بورڈ ہمارے خلاف پارٹی بنا ہوا ہے۔مجھے کسی کارروائی کی اطلاع نہیں دی گئی، مؤقف سنے بغیر یکطرفہ فیصلہ سنا کر انصاف کا قتل عام کیا گیا ہے۔ مجھ پر الزام ہے کہ سرکاری ملازم ہوں، جبکہ میں نے یکم جولائی دوہزار سترہ کو ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کرکٹ بورڈ کی حد سے بڑھتی ناانصافیوں کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاوں گا۔ میں نے نوجوان کرکٹرز کے معاشی قتل کے دستاویز پر دستخط نہیں کیے اس لیے بورڈ میرے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ہے۔ اپنی کرکٹ اور نوجوان کرکٹرز کی ملازمتوں کو بچانے کیلئے ہر حد تک جاؤں گا۔عدالت اور پارلیمنٹ احسان مانی کی ناانصافیوں کا نوٹس لے۔بدقسمتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں بھی بلوچستان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔