اسد عمر قائمہ کمیٹی خزانہ کے رکن بن گئے چیئرمین بنانے کیلئے پیر کو اجلاس طلب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائمہ کمیٹی خزانہ کی تشکیل نو کر دی۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی خزانہ کا رکن بنا دیا گیا۔ اسد عمر کو پی ٹی آئی کے سید باسط احمد سلطان کی جگہ کمیٹی کا رکن بنایا گیا اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی بنانے کیلئے پیر کو اجلاس طلب کر لیا گیا۔ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ خزانہ کے چیئرمین فیض اللہ سبکدوش ہو گئے، سابق وزیر خزانہ اسد عمر کمیٹی کے آ ئند ہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مجلس قائمہ برائے خزانہ کا اجلاس کمیٹی چیئرمین فیض اللہ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی فیض اللہ نے کہا کہ آج آخری بار قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس کی صدارت کر رہا ہوں۔ آئندہ اجلاس سے اسد عمر صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ آپ کے دور میں قائمہ کمیٹی خزانہ کے باقاعدہ اجلاس ہوئے اور اہم امورپر غور کیا گیا۔ جبکہ اجلاس کے بعد احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اہم عہدوں پر تبدیلیاں نہیں کرنی چاہئیں۔ بلکہ تسلسل اور استحکام ہونا چاہیے۔