ہرنائی: فائرنگ، بارودی سرنگ کا دھماکہ،3 ایف سی اہلکار، 2 مزدور شہید
ہرنائی(صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فائرنگ اور دھماکے سے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 1 زخمی ہوگیا۔لیویز کے مطابق ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں سحری کے بعد دور دراز پہاڑی مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2مزدور جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں تو راستے میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 3 اہلکار شہید اور 1 شدید زخمی ہوگیا۔ شہید اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔